لبنان میں بم دھماکہ ،چار افراد ہلاک

بیروت 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بیروت کے جنوبی مصافات میں جسے لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ کا مستحکم گڑھ سمجھا جاتا ہے ایک خودکش کار بم دھماکہ میں کم از کم چار افراد ہلاک اور دیگر پانچ زخمی ہوگئے ۔ لبنان کے قومی خبر رساں ادارہ کے بموجب ایک خودکش بم بردار نے ایک کار میںخود کو دھماکے سے اڑالیا۔ اس کے جسمانی اعضاء پورے مقام پر بکھرے ہوئے پائے گئے۔ یہ حملہ ایک مصروف تجارتی سڑک پر پیش آیا جو جون کے اوائل میں بھی خودکش کار بم حملہ کا نشانہ بن چکی ہے۔آج کا دھماکہ شاہراہ الاریف بمقام ہریتاالشریک میں کیا گیا۔ حزب اللہ کے خبر رساں اسٹیشن المنار نے خبر دی ہے کہ یہ دھماکہ حزب اللہ زیر اثرعلاقوں پر حملوں کے سلسلہ کا چھٹواں واقعہ ہے ۔ حزب اللہ نے جب سے صدر شام بشارالاسد کی فوجوں کی تائید میں خانہ جنگی کے خاتمہ کیلئے اپنے جنگجووں کو روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے زیر اثر علاقوں میں خودکش بم حملے کئے جارہے ہیں۔ المنار کا نشریہ آتش فرو عملے کے افراد کو بڑے پیمانے پر بھڑکی ہوئی آگ بجھانے کی کوشش کی جھلکیوں کے ساتھ دکھایا گیا۔ دھماکہ کے مقام پر عوام کا کثیر ہجوم بھی ان جھلکیوں میں شامل ہے۔