ریاض ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لبنان کے صدر العماد میشل سلیمان نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائدین نے دو طرفہ تعاون بڑھانے اور ترقیاتی میدانوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے پر اتفاق کیا۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ شاہ عبداللہ نے لبنانی صدر کو سعودی عرب کا دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات میں سابق لبنانی وزیر اعظم سعد حریری بھی موجود تھے۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی فرمانروا نے لبنانی صدرکو یقین دلایا کہ ان کا ملک خطے کی سلامتی اور لبنان کی تعمیرو ترقی میں کردار ادا کرتا رہے گا۔
کویت میں خادمہ کو ہلاک کرنے والا جوڑا گرفتار
منامہ ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی پولیس نے گھریلو خادمہ کو دو ماہ قبل ہلاک کرنے کے بعد صحرائی علاقہ میں دفن کرنے والے ایک کویتی جوڑے کو گرفتار کرلیا ۔ قبل ازیں شوہر نے بیوی سے جھگڑے کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس نے اپنی گھریلو خادمہ کو ہلاک کرنے کے بعد دفن کردیا تھا۔ تاہم بعدمیں کویتی شہری اپنے بیان سے منحرف ہوگیا لیکن پولیس نے تحقیقات جاری رکھا عمارت کے چوکیدار سے تفصیلات حاصل کی جس نے بتایا کہ یہ جوڑا دو ماہ قبل ایک بڑا صندوق منتقل کیا تھا، جس میں نعش تھی۔