لباس وہی پہنیں جو آپ کو جچتاہے

یہ لباس تو تم پر بالکل نہیںجچ رہا ، خاص طور پر اس کے اوپر جو تم نے لیس لگوائی ہے ، اس کی وجہ سے تو اس لباس کی اپنی خوبصورتی ہی متاثر ہوگئی ہے ۔ اس طرح کے جملے ایسے وقت میں سننے کو ملتے ہیں جب ایک خاتون دوسری سے یہ پوچھ بیٹھتی ہیں کہ ان کا نیا لباس کیسا لگ رہا ہے ۔

ایسے مواقع آپ کی زندگی میں بھی آسکتے ہیںکہ جب آپ سے بھی مشورہ کیا جائے اور پوچھا جائے  کہ سامنے موجود لباس کیسا لگ رہا ہے ۔ ایسے وقت میں آپ کو کیا کرنا چاہئے ؟ پہلے تو یہ دیکھیں کہ سامنے موجود خاتون سے آپ کا کیا رشتہ ہے ، اگر وہ آپ کے بہت ہی قریب ہیں اور آپ کے دیئے گئے مشورے کووہ مان لیں گی تو انہیں لباس کے حوالے سے بالکل سچ کہیں ، البتہ اگر کوئی ایسی خاتون ہیں جو آپ کے منہ سے سچ سن کر ناراض ہوجائیں گی تو بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ ان کے سامنے ہی کسی اور سے بھی پوچھ لیں ، پھر دوسروں کی رائے میں اپنی رائے کو ملاتے ہوئے انہیں جواب دے دیں۔ ایسی خواتین جنہیں ہر مرتبہ مشورہ کرنے کی عادت ہوتی ہے ، انہیں بھی جان لیناچاہئے کہ ہر کوئی سچ نہیں بولتا ، لوگ آپ سے جھوٹ بھی بول سکتے ہیں لہذا ہر کسی سے مشورہ کرنے سے گریزکریں۔ اپنی چیزوں کے حوالے سے اپنی خود کی بھی ایک رائے ضرور رکھیں ۔ ہوسکتا ہے کہ ایک چیز آپ کو پسند آرہی ہو اور وہی چیز دوسری خاتون کو پسند نہ آرہی ہو تو آپ کیا کریں گی ؟ اپنی پسند کو جھٹلادیں گی ؟ ایسا ہرگز نہ کریں سب کی پسند و ناپسند کا معیار مختلف ہوتا ہے ، اسی لئے آپ مشورہ ضرور کریں لیکن اپنی پسند کو ہمیشہ پہلے رکھیں۔