لا20لاکھ روپئے مالیتی قیمتی نگینے برآمد

بندوق اور نقد رقم ضبط ، بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی گرفتار
حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس اور کمشنر ٹاسک فورس کی ایک مشترکہ کارروائی میں بین ریاستی لٹیروں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 20 لاکھ روپئے قیمتی نگینے اور دیسی ساختہ پستول برآمد کرلئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 23 مارچ کو راجستھان سے تعلق رکھنے والا والے نگینوں کا تاجر وجئے کمار شاہ کاروبار کے سلسلے میں شہر پہنچا اور سدی عنبر بازار میں واقع ہری دوار ہوٹل میں ایک کمرہ کرایہ پر حاصل کیا اور اپنے کاروبار میں ساجھیدار کیشو گپتا سے ملاقات کیلئے پتھرگٹی پہنچ کر اگروال کالج کی سمت جارہا تھا کہ رہزن کی ٹولی نے نگینوں سے بھرے بیاگ کو رہزنی کا نشانہ بنایا اور وہاں سے راہ فرار اختیار کی۔ بتایا جاتا ہے کہ رہزنوں کی اس ٹولی کا سرغنہ عادی مجرم دھیرج سنگھ عرف اکرم بھائی جس کا تعلق اُجین مدھیہ پردیش سے ہے اور وہ اپنے ساتھیوں محمد سلیم اشفاق شیخ، محمد عظمت نظیر، محمد عمیر، محمد وقار رائے اور شیخ صدام کی مدد سے واردات انجام دی تھی۔ ڈی سی پی مسٹر ایم ستیہ نارائنا نے بتایا کہ چارمینار پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی کی نگرانی میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دھیرج سنگھ کو سابق میں دہلی، ممبئی، کولکتہ پولیس نے 15 سے زائد رہزنی کے مقدمات میں ملوث ہونے پر اسے گرفتار کیا تھا اور جنوری 2017ء کو ممبئی جیل سے رہا ہونے کے بعد اس نے حیدرآباد میں یہ واردات انجام دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھیرج سنگھ نے 1997ء میں فرزانہ نامی خاتون سے شادی کی اور حیدرآباد میں اپرپلی سے تعلق رکھنے والی ترنم فاطمہ خان سے دوسری شادی کی۔ پولیس نے گرفتار ٹولی کے قبضہ سے دیسی ساختہ بندوق، 20 لاکھ روپئے مالیتی نگینے، 45 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرتے ہوئے افضل گنج پولیس حدود میں پیش آئے دو رہزنی کی وارداتوں کا معمہ بھی حل کرلیا۔