لاہور ونڈے : پاکستان کی ٹھوس شروعات

لاہور۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے دورہ کنندہ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج پہلے ونڈے میں بھی ٹھوس شروعات کی ۔ پاکستانی کپتان اظہر علی نے یہاں قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو خود بحیثیت اوپنر انھوں نے محمد حفیظ کے ساتھ ملکر درست ثابت کردکھایا ۔ دونوں نے 26 اوورس میں 170 رنز کی زبردست پارٹنرشپ نبھائی ۔ تاہم دونوں ہی اپنی انفرادی سنچری سے محروم رہے ۔ سب سے پہلے اظہر 79 رنز بناکر اسپنر پراسپر اُتسیا کا شکار ہوئے ۔ 4 رنز بعد حفیظ (86) کو بھی اُتسیا (2/63)نے آؤٹ کردیا ۔بعد ازاں سینئر بیٹسمین شعیب ملک نے نوجوان حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم اسکور کو بنا کسی نقصان کے 300 سے متجاوز کردیا ۔ تادم تحریر پاکستان نے اس ڈے ؍ نائیٹ میچ میں 340/2 اسکور کرلئے تھے جس میں شعیب 87 اورحارث 79پر کھیل رہے تھے ۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں۔ اس موقع پر کپتان اظہر نے کہا کہ اپنے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ان کیلئے ایک جذباتی لمحہ ہے۔اس سے قبل پاکستان نے ایلٹن چگمبورا زیرقیادت زمبابوے کو دو میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-0 سے زیر کیا تھا۔