پاکستانی ٹیم کیلئے ہندوستانی ہائی کمیشن نے ویزے جاری کردئے
کراچی 8 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لاہور لائنس ٹیم کی چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 میں شرکت سے متعلق اندیشوں کو ختم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج کہا کہ اس ٹیم کو ٹورنمنٹ میں حصہ لینے منظوری مل گئی اور ویزا جاری کردیا گیا ہے ۔ پاکستان بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن نے ویزے جاری کردئے ہیں اور لاہور لائینس ٹیم کے دورہ ہند کیلئے فضائی ٹکٹس بھی خریدلئے گئے ہیں۔ یہ ٹیم اپنے شیڈول کے مطابق 9 ستمبر کو ہندوستان روانہ ہوگی ۔ انہوں نے اس تبدیلی کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں صدرنشین پی سی بی شہریار خان کو بی سی سی آئی کے عہدیداروں کے ساتھ مستقبل قریب میں بامعنی بات چیت کرنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے بعد ہم اب آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کا موقع دینے اور باہمی سیریز کے تعلق سے بھی بات چیت کرسکتے ہیں۔ محمد حفیظ کی قیادت میں لاہور لائنس کی ٹیم چمپئنس لیگ کے کوالیفائنگ میچس میں حصہ لینے والی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر یہ ٹیم اصل مقابلوں کیلئے کوالیفائی ہوتی ہے تو اسے قومی ٹوئنٹی 20 ریجنل ٹورنمنٹ میں شرکت سے محروم ہونا پڑیگا جو ملتان میں 16 تا 28 ستمبر ہوگا ۔ عہدیدار نے کہا کہ اگر یہ ٹیم چمپئنس لیگ کیلئے کوالیفائی ہوتی ہے تو اسے نیشنل ٹوئنٹی 20 لیگ میں قطعی 8 میں از خود داخلہ مل جائیگا جو آئندہ سال مقرر ہیں۔