کراچی۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ پی سی بی ، ویسٹ انڈیز میں اپنے ہم منصب کے ساتھ پاکستان میں محدود اوورس کے چند میچس کھیلنے کیلئے ایک سمجھوتہ کے قریب پہونچ چکا تھا لیکن لاہور میں تباہ کن بم دھماکہ نے اس منصوبہ پر پانی پھیر دیا۔ پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے جو بورڈ کے چیرمین بھی رہے ہیں، کہا کہ ویسٹ انڈیز اکتوبر ۔ نومبر کے دوران پاکستان میں محدود اوورس کے چند میچس کھیلنے سے اتفاق کرچکا تھا لیکن مارچ کے دوران لاہور کے گلشن پارک میں ہوئے دھماکے کے بعد یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔ سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اب متحدہ عرب امارات میں ٹی۔ 20 میچوں، ونڈے انٹرنیشنلس اور ٹسٹ میچوں کی مکمل سیریز کھیلے گا۔ واضح رہے کہ 2009ء کے دوران لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد پی سی بی ، متحدہ عرب امارات میں اپنا ہوم سیریز منعقد کرنے کیلئے مجبور ہوگئی ہے۔
ریو اولمپکس قطعی انتظامات پر جائزہ اجلاس
ریوڈی جنیرو ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں اولمپک کے آغاز کے لئے اب جبکہ ایک ہفتہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے ، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے قائدین کل یہاں اپنا اہم اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں کھیلوں کی قطعی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈوپنگ اسکینڈل سے پیدا شدہ بحران پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس اسکینڈل کے نتیجہ میں روس کے 100 سے زائد اتھیلیٹس اولمپکس میں حصہ لینے سے محروم ہوچکے ہیں۔