لاپرواہی کے خلاف عہدیداروں کو انتباہ

ضلع پریشد ورنگل کا اجلاس، ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری کا خطاب
ورنگل۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد ورنگل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ورنگل کو ایجوکیشن ہب بنایا جائے گا۔ اس کیلئے ریاستی حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔آئندہ تعلیمی سال سے کئی ایک تعلیمی اداروں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کی سُست رفتاری پر مختلف عہدیداروں پر سخت ناراضگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رقم منظور ہونے کے باوجود ٹنڈر ابھی تک کیوں طلب نہیں کئے گئے۔ ضلع میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 2ہزار کروڑ منظور ہوئے ہیں۔ ضلع پریشد کے اجلاس میں سرکاری مدارس کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کئی مدارس میں بنیادی سہولت نہیں، ٹیچرس کی کارکردگی سے اولیائے طلباء ناراض ہیں اور اس وجہ سے والدین سرکاری اسکولوں کے بجائے خانگی اسکولوں میں بچوں کو داخلہ دلوارہے ہیں۔ اس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، عہدیدار گھروں میں رہ کر دفتری کاموں کو انجام دینے کی شکایت موصول ہورہی ہیں۔ ایم پی ڈی اوز نے کنٹراکٹرس کے خلاف شکایت کی۔ ان لوگوں کو اکثر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ عوامی منتخب نمائندوں نے پریشد کے عہدیداروں سے شکایت کی کہ ان لوگوں کو اکثر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ پینے کے پانی کیلئے66.5 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں ضلع پریشد چیرپرسن پدما، کلکٹر وائی کرونا، ایم پی پنوری دیاکر راؤ، ارکان اسمبلی سی دھرما ریڈی، شنکر نائیک، ڈی مادھو ریڈی، متوریڈی و دیگر عہدیدار شریک تھے۔