لاپتہ صحافی سے متعلق مکمل تفتیش سعودی عرب کرے گا، امریکی وزیر خارجہ

انقرہ ۔17 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے ترکی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے روانگی سے قبل کہا کہ ریاض حکومت استنبول کے قونصل خانے میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خشوگی سے متعلق تفتیش کو قطعی شکل یقینی طور پر دے گی۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران پومپیو نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے علاوہ وزیر خارجہ عادل الجبیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وہ ترکی میں صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب امریکی کانگریس کے سینیئر سینیٹر لنزے گراہم کے مطابق جمال خشوگی کے قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا تھا۔