لاٹھی چارج میں زخمی ٹی آر ایس کارکن کی موت

اچم پیٹ میں افراد خاندان کا دھرنا ، انصاف کا مطالبہ

ناگر کرنول 8؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ناگرکرنول کے منڈل امرآباد موضع منانور میں کل انتخابات کے موقع پر ہوئے لاٹھی چارج میں زخمی ٹی آرایس کارکن کی آج موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ناگرکرنول کے اچم پیٹ اسمبلی حلقے کے موضع منانور میں کل ہوئے انتخابات کے موقع پر کانگریس و ٹی آرایس پارٹیوں کے کارکن رائے دہندوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کرنے کے دوران ہوئے ہلکی سی جھڑپ ہوئی اسی دوران وہاں پر تعنیات پولس نے ہجوم کو منتشرکرنے کی غرض سے ان پر لاٹھی چارج شروع کردی جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوگئے ۔لاٹھی چارج میں زخمی منانور سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ چندر ونائک کو اچم پیٹ کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیارات میں اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہوجانے کے بعدآج علاج کے دوران چندرونائک کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان نے اچم پیٹ کے دواخانے کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے پولس کو چندرونائک کے موت کا ذمہ دار قراردیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین نے متوفی کو انصاف دلانے اور اس کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔پولس کا کہنا ہے کہ منانور میں انتخابات کے موقع پر کانگریس و ٹی آرایس کے کارکنوں کی جانب سے رائے دہندوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کے سبب حالات کے کشیدہ ہونے کے امکانات کے پیش نظر اعلٰی عہدیداروں کے حکم سے ہی لاٹھی چارج کی گئی تھی۔