حیدرآباد /28 اگست ( سیاست نیوز ) لاٹری کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے غبن کرنے والے4 افراد بشمول تین نائجریائی باشندوں کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سائبرآباد پولیس کے سائبر کرائم ونگ نے نئی دہلی میں کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دھوکہ بازو ٹولی نے سیامسنگ کمپنی لاٹری کے انعام جیتنے کے نام پر ایک شہری کو دھوکہ دہی کا شکار بنایاتھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر کرائم سائبرآباد مسٹر جے رام نے بتایا کہ نائجریائی باشندے گذاریٹائرڈ ، امیک ایرک ٹاچکور اور او ٹامیکو کے علاوہ مغربی بنگال کے ساکن افتہ نگیشہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ جنہوں نے ایک شہری کو لالچ دیا تھا کہ وہ سامسنگ کمپنی کی لاٹری جیت چکا ہے اور 4.5 کروڑ روپئے کا حقدار بن گیا ہے ۔ جس کے بعد اس شکایت گذار شخص کو دھوکہ دہی کا شکار بنایا گیا اور بڑی رقم کو دلانے کے بہانہ مختلف اقسام کی کارروائی کا جھانسہ دیکر 21 لاکھ 95 ہزار روپئے غبن کرلئے گئے ۔ پولیس کے مطابق خود کو آر بی آئی کا اکاونٹ آفیسر ظاہر کرتے ہوئے آشیش پٹیل کے نام سے بات کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ شناخت گذار کے سیل فون پر ایک پیام آیا جس میں اس کو انعام جیتنے کی خوشخبری دی گئی ۔ اس مسیج پر یقین کرتے ہوئے جس کے بعد نئے نئے طریقوں سے دھوکہ دیتے ہوئے ابتداء میں 2 لاکھ 60 ہزار روپئے اکاونٹ میں ٹراسفر کروائے گئے ۔ شکایت گذار نے دہلی میں پٹیل سے ملاقات کی خواہش بھی کی تھی تاہم اس نے انکار کردیا تھا ۔ پولیس سائبر کرائم کی ٹیم نے اپنے طور پر تحقیقات کرتے ہوئے دھوکہ بازوں کا پتہ چلالیا اور دہلی میں مقامی سرائے پولیس کی مدد سے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس سائبر کرائم کے مطابق ٹولی کا اصل سرغنہ گذار اریٹائیڈ نے چھوتے نبر کے ملزم آنند نگینہ کو ٹولی میں شامل کرلیا تاکہ مقامی زبانوں میں شہریوں سے رابطہ قائم ہوسکے اور آنند نے اپنے آپ کو اشیش پٹیل ظاہر کرتے ہوئے شکایت گذار شہری سے بات کیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔