لاٹری کے نام دھوکہ باز نائجیریائی ٹولی گرفتار

دہلی میں پولیس کی کارروائی ، لیاپ ٹاپ اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد /5 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کرائم پولیس نے فرضی لاٹری کے نام پر دھوکہ دینے والی تین رکنی نائجیریائی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس سائبرآباد نے قومی دارالحکومت دہلی سے ان تین دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبرآباد کرائم مسٹر جئے رام کی ہدایت پر انسپکٹر سائبر کرائم محمد ریاض الدین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دہلی پہونچکر ان افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں ایک نائجیریا کا پولیس آفیسر بھی شامل ہے ۔ پولیس نے او ڈی او واٹس 31 سال ، این اینٹونی 33 سالہ اور ڈبلیو گوسپل رکنیبا 28 سالہ شامل ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 لیاپ ٹاپ 10 موبائل فونس 8 انٹرمیٹ ڈاٹا کارڈ 53 سم کارڈز جو کارکرد تھے کے علاوہ دیڑھ لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے ٹرانزٹ وارنٹ پر انہیں حیدرآباد منتقل کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر آباد مسٹر جے رام نے بتایا کہ ٹولی دہلی کے مہاویر نگر علاقہ میں مقیم تھی ۔ جو ہندوستان تجارتی ویزا پر آئے تھے اور یہاں دہلی پہونچنے کے بعد مختلف فرضی ویزہ کو اپنے یہاں پاسپورٹ سے جوڑ لیا تھا ۔

اور دہلی کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ ٹیمیں جب ان سے رجوع ہوئیں تو یہ لوگ فرضی ویزا بناکر انہیں بھی دھوکہ دیا کرتے تھے ۔ ملکاجگیری علاقہ سے وابستہ ایک خاتون جب سائبر کرائم سائبرآباد سے رجوع ہوئی تب پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ اس خاتون کو سیامسنگ کی لاٹری لگنے کی بات کرتے ہوئے جھانسہ دیا گیا ۔ اس خاتون کے موبائیل نمبر لاٹری لگنے کا پیام دیا گیا جس کے بعد اسے مبارکباد دیتے ہوئے بذریعہ ای میل اس خاتون کی تفصیلات حاصل کرلی گئیں جس کے بعد خود کو سیامسنگ کا ڈائرکٹر ظاہر کرتے ہوئے ایک دھوکہ باز خاتون کو فون کرتے ہوئے مبارکباد دی اور رقم کی منتقلی کیلئے ضروری کارروائی کو بتایا کسٹمس اور اینٹی ٹرازٹ سرٹیفکیٹ کیلئے درکار رقم جمع کرتے ہوئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپئے حاصل کرنے کی لالچ دی ۔ لالچ کا شکار خاتون نے اس دھوکہ باز کی باتوں پر عمل کرتے ہوئے محتلف اکاونٹس میں 15 لاکھ 50 ہزار 800 روپئے جمع کروادئے اور جب اس خاتون کو اندازہ ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگئی تب اس نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کردی ۔