سڈنی۔19 اپریل(سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) مینز ٹیم کے نئے ہیڈکوچ کی تقرری کا عمل شروع کیا ہے اور سابق بیٹسمین جسٹن لانگر کا نام مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔آسٹریلیائی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن لانگر کو ڈیرن لیمین کی جگہ کوچ بنانے کا حتمی فیصلہ ہو چکا ہے اور اب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔تاہم دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کوئی تقرر نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اجلاس میں بورڈ کی طرف سے کسی امیدوار کا اعلان کیا جائے گا، تاہم اجلاس کے دوران نئے کوچ کے بارے تبادلہ خیال ضرور کیا جائے گا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر پابندی اور قیادت سے محرومی کے بعد ہیڈ کوچ ڈیرن لیمین نے بھی کوچنگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ لانگر اس سے قبل 2016 میں عبوری بنیادوں پر آسٹریلیائی ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔