حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) رقمی لین دین کے معاملہ میں قتل کی سنگین واردات سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آئی جہاں 23 سالہ محمد مقبول عرف مخدوم کا اس کے ماموںزاد بھائیوں نے قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول مخدوم پر اس کے ماموزاد بھائی اور ماموںزاد بہنوائی نے ملکر حملہ کیا ۔ مقبول کی والدہ محمودہ بیگم اور ان کے بھائی جن کے درمیان رقمی لین دین کا معاملہ چل رہا تھا ۔ محمودہ بیگم نے اپنے بھائی جن کو ایک لاکھ روپئے بدل دیا تھا اور گذشتہ چند روز سے اس رقم کی واپسی مسئلہ بن گیا تھا ۔ جب بھی محمودہ بیگم اپنے بھائی سے رقم طلب کرتی تو بحث و تکرار و تنازعہ بن جاتا تھا ۔ گذشتہ روز محمودہ بیگم نے رقم کیلئے زور دیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جب رقم کیلئے زور دیا گیا تو ان کے بھائی نے انہیں رقم پوچھنے پر بیٹوں کے ذریعہ حملہ کرواتے ہوئے اسے ہلاک کرنے کی دھمکی دی ۔ جس کے بعد صاحب حسین نے اپنے بیٹوں شریف ، سمیع اور داماد جہانگیر پاشاہ کو روانہ کیا تھا ۔ جنہوں نے مقتول مخدوم اور ان کی والدہ محمودہ بیگم اور والد محمد باشاہ کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ جس کے سبب مخدوم شدید مارپیٹ و زدوکوب سے تاب نہ لاکر فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔