لالہ گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے مغویہ شیرخوار برآمد،ملزمین گرفتار، ایس پی ایلویر جی اشوک کمار کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ /9 ڈسمبر (سیاست نیوز) لالہ گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے اغواء ہونے والے 8 ماہ کے شیر خوار کا معمہ حل ہوگیا اور پولیس نے تین اغواء کنندگان کو گرفتار کرلیا ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریلویز مسٹر جی اشوک کمار نے بتایا کہ /30 نومبر کو سعیدآباد سنگا رینی کالونی کی ساکن معراج سلطانہ کے آٹھ ماہ کے شیر خوار ایشور کا غوث اور دیگر نے ریلوے اسٹیشن لالہ گوڑہ سے اغواء کرلیا تھا ۔ ریلوے پولیس نے مغویہ بچے کی تلاش کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعہ اغواء کنندگان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ ایس پی ریلویز اشوک کمار نے مزید کہا کہ 28 سالہ شیخ غوث جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور اپنے دو ساتھیوں کے راما کرشنا اور کے وی بکو کی مدد سے 8 ماہ کے شیرخوار کا ریلوے اسٹیشن سے اغواء کرلیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین سے مغویہ بچے کو بر آمد کرلیا ۔