لالو کی سی بی آئی عدالت میں خودسپردگی

رانچی 30 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) صدر آر جے ڈی اور چارہ اسکام کے مجرم لالو پرساد نے آج اپنی عبوری ضمانت کے اختتام پر یہاں کی خصوصی سی بی آئی کورٹ میں خودسپردگی اختیار کی۔ لالو پرساد جو گزشتہ روز پٹنہ سے یہاں پہونچے اُنھیں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 30 اگسٹ تک سی بی آئی کورٹ کے روبرو خودسپردگی کی ہدایت دی تھی۔ جج ایس ایس پرساد کے روبرو اپنی خودسپردگی کے بعد آر جے ڈی سربراہ کے وکیل پربھات کمار نے کہاکہ اُن کے موکل مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں۔ اِس پر جج نے برسامنڈا جیل کے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ اُن ڈاکٹروں سے صلاح مشورہ کریں جو سابق چیف منسٹر کا علاج کررہے ہیں۔ جج نے یہ بھی کہاکہ لالو پرساد یہاں راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں ڈاکٹر اومیش پرساد کے زیرعلاج بھی رہ سکتے ہیں۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں چارہ اسکام کے کیسوں میں سزا دہی کے بعد جیل کو بھیجے جانے پر لالو پرساد نے راجندر انسٹی ٹیوٹ کے ہاسپٹل رانچی میں خاصا وقت گزارا ہے اور اُنھوں نے نئی دہلی کے ایمس میں بھی علاج کرایا۔ اُن کا ممبئی کے ایک ہاسپٹل میں بھی 3 ہفتے علاج ہوا اور وہاں سے وہ 25 اگسٹ کو ڈسچارج کئے گئے۔