لالو کیلئے دوہرے معیاروں کاسونیا اور راہول پر الزام

اجیارپور(بہار)۔30اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) راہول اور سونیا گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی نے آج کہا کہ کوئی بھی ماں اور بیٹے کی حکومت کو یقینی شکست سے نہیں بچاسکتا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ لالو پرساد یادو کی جیل سے رہائی اور اُن کے ساتھ خفیہ معاہدوں میں ماں بیٹے ملوث تھے لیکن برسرعام اس کا اعتراف کبھی نہیں کیا ۔ کیونکہ انہیں خوف تھا کہ وہ اپنے ووٹ بینک سے محروم رہ جائیں گے ۔لالو پرساد یادو چارہ اسکینڈل کے سلسلہ میں پانچ سال کی سزائے قید بھگت رہے تھے ‘ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے خطاب کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں کہ انہیں جیل سے رہا کروانے میں ماں اور بیٹا کا ہاتھ نہیں تھا ۔ جلسہ عام میں رہائی کے بعد شہ نشین پر ان کے ساتھ بیٹھنا خود اس بات کاثبوت ہے ‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رائے دہندے انہیں سبق سکھائیں گے ۔مودی نے کہا کہ ماں اور بیٹے کی حکومت کو یقینی شکست سے کوئی بھی نہیں بچاسکتا ۔یو پی اے حکومت کو کمزور اور گاندھی خاندان کی جانب سے ریموٹ کے ذریعہ کنٹرول کی جانے والی حکومت قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایسی مردہ حکومت ملک کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کرسکتی ۔ پیچیدہ مسائل کی یکسوئی کیلئے فیصلہ کن قیادت اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے ۔ بہار کے رائے دہندوں کو ترغیب دینے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی مرکز میں برسراقتدار آنے پر عوام کے خوابوں کو حقیقت بنانے کی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار پر علم کی دیوی مہربان ہے جب کہ گجرات پر اس کی ایسی مہربانی نہیں ہے ۔ہمیں بہار میں ہر طرف آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار نظر آتے ہیں لیکن دولت کی دیوی نے ابھی بہار میں قدم نہیں رکھا ‘ وہ کنول کے پھول کے بغیر نہیں آتی ‘ وہ بی جے پی کی انتخابی نشانہ کا حوالہ دے رہے تھے جو دولت کی دیوی سے ہی منسوب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے غریب موز کے کاشتکار گجرات میں معاشی اعتبار سے بہتر مقام حاصل کرچکے ہیں جس کی وجہ اُن کی حکومت کی پالیسیاں ہیں ۔ اگر بی جے پی برسراقتدار آجائے تو بہار میں بھی ایسی ہی پالیسیاں نافذ کی جائیں گی ۔ انہوں نے بہار کے سابق چیف منسٹر سوشلسٹ قائد کارپوری ٹھاکر کی وراثت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی بھر سماج کے محروم طبقات کی بھلائی کیلئے انتھک جدوجہد کی ۔ انہوں نے اُن کے ادھورے کام کو پورا کرنے کیلئے عوام سے آشیرواد دینے کی خواہش کی اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بہار میں کانگریس اور آر جے ڈی کامیاب نہ ہوسکیں۔ یو پی اے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک مزید عدم استحکام یا نافذ حکمرانی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کا بھرپور ساتھ دیں ۔مودی نے 27اکٹوبر کو اُن کے جلسہ عام میں سلسلہ وار بم دھماکوں کا بھی تذکرہ کیا اور عوام کی ستائش کی کہ اس کے باوجود کثیر تعداد میں جلسہ میں عوام شریک تھے ۔