پٹنہ ۔ 27 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک ضلعی عدالت نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے خلاف درج ایک کیس کو ریاستی حکومت کی درخواست پر بند کردیا ہے ۔ چند یوم قبل بھی حکومت نے آر جے ڈی کے زیراہتمام بند کے دوران پرتشدد واقعات کے سلسلہ میں لالو یادو اور ان کے 2 فرزندوں کیخلاف ایک اور کیس بند کردینے کی گذارش کی تھی ۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ گیاتری کمار نے سال 2014ء میں پری بازار پولیس اسٹیشن پٹنہ میں لالو یادو کے خلاف درج کیس کو پبلک پراسکیوٹر کی درخواست پر بند کردینے کے احکامات جاری کئے ۔ آر جے ڈی سربراہ کے خلاف یہ کیس سرکل آفیسر پھلواری شریف سنیتا پرساد کے بیان پر 5 اپریل 2014 ء کو درج کیا گیاتھا جس میں یہ شکایت کی گئی تھی کہ حلقہ لوک سبھا پاٹلی پتر میں انتخابی مہم کے دوران روڈ شو کی تصویر کشی سے ایک فوٹوگرافر کو روک دیا گیا تھا ۔ اس حلقہ سے لالو یادو کی دفتر میسا بھارتی کو مرکزی وزیر رام کرپال یادو نے شکست دیدی تھی ۔ قبل ازیں گزشتہ سال آر جے ڈی کے بند کے دوران ہنگامہ آرائی اور سرکاری عہدیداروں کو دفاتر جانے سے روکنے پر لالو یادو اور ان کے دو فرزندوں ( جوکہ اب وزیر بن گئے ہیں ) کے خلاف درج کیسوں سے دستبرداری کا اعلان کیا گیا تھا اور پبلک پراسکیوٹر کی درخواست پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کورٹ پٹنہ نے 19 جنوری کو یہ درخواست منظور کرلی تھی ۔