رانچی 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو برسا منڈا جیل میں ایک اخبار اور ایک ٹی وی سیٹ کی سہولت دی جا رہی ہے ۔ جیل کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ سابق چیف منسٹر بہار کو چارہ اسکام میںسی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے کل خاطی قرار دیا تھا ۔ برسا منڈا جیل کے سپرنٹڈنٹ اشوک کمار چودھری نے کہا کہ لالو یادو جیل قواعد کے مطابق صبح 8 بجے سے 12 بجے دوپہر تک ان سے ملنے آنے والوں سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔ لالو پرساد یادو کی 2014 میں ہارٹ کی سرجری ہوئی تھی اور ان کی غذا پر کئی پابندیاں ہیں۔ جھارکھنڈ آر جے ڈی صدر اناپورنا دیوی نے بتایا کہ کل لالو یادو کو جیل کا کھانا ہی دیا گیا ۔
لالو ‘ سیاسی انتقام کا شکار ‘ طارق انور
کاٹیہار ( بہار ) 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر این سی پی لیڈر طارق انور نے آج الزام عائد کیا کہ آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کو چارہ اسکام میں سزا در اصل سیاسی انتقامی جذبہ کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی نے اس کیس میں دباؤ میں کام کیا ہے ۔ لالو پرساد یادو کو چارہ اسکام میں کل خاطی قرار دیا گیا تھا ۔ طارق انور نے کہا کہ لالو پرساد کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ سیاسی انتقامی جذبہ کا نتیجہ ہے ۔ تاہم انہیں ہائیکورٹ سے راحت مل جائیگی جب وہ اپیل دائر کرینگے ۔ طارق انور نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بہت بڑا ویاپم اسکام ہوا لیکن وہاں کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی گئی ۔ اس سے شبہات پیدا ہوتے ہیں۔