لالو پرساد کے قلب کی سرجری کی ضرورت

ممبئی ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ نے جہاں آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو شریک ہیں، آج کہا ہے کہ ابتدائی طبی معائنوں کی بنیاد پر پتہ چلا ہے کہ ان کے قلب کی سرجری کی ضرورت ہے۔ ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے میڈیکل ڈائرکٹر ڈاکٹر وجئے ڈی سلوا نے کہا کہ ’’لالو جی بنیادی طور پر ایک صحت مند شخص ہیں، جیسا کہ انہیں ان کی طوفانی مہم میں دیکھا جاتا ہے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ہم اب یہ توثیق کرتے ہیں کہ ان کے قلب کی سرجری کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’چند رپورٹس کا ہنوز انتظار ہے اور ان کی دستیابی کے بعد ہی ان تفصیلات کا علم ہوگا کہ کس قسم کی سرجری کی ضرورت ہے‘‘۔ 66 سالہ لالو پرساد یادو کو تفصیلی طبی معائنہ کیلئے گزشتہ روز اس ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔