لالو پرساد کے ساتھ اتحاد کی مدافعت

موتی ہاری ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے اس الزام پر کہ آر جے ڈی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بعد جے ڈی ( یو ) ’’جنگل راج ‘‘ کی راہ پر واپس ہوچلی ہے ، چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے آج لالو پرساد کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی وقت کے ساتھ اپنی اصلاح کرلیتا ہے ۔ انھوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ ہر کسی کے کچھ خامیاں ہوتی ہیں جو وقت کے ساتھ سدھر جاتی ہیں … اسے جنگل راج قرار دینا غلط ہے ۔ انھوں نے جے ڈی یو ، آر جے ڈی اور کانگریس کے درمیان 21 اگست کو دس اسمبلی نشستوں کیلئے مقررہ ضمنی چناؤ کے سلسلے میں طئے پائے اتحاد کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی یکساں گروپ کا حصہ رہے ہیں لیکن بعض وجوہات کی بناء علحدہ ہوئے تھے اور اب واپس اُس پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہیں۔ مانجھی نے کہا کہ جو کچھ کل تھا وہ آج نہیں اور جو کچھ آج ہے وہ کل نہیں ہوگا ۔ وقت بدلتا رہتا ہے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اتحاد وقت کی ضرورت ہے اور ادعا کیا کہ بی جے پی اس اتحاد کے سبب کمزور پڑچکی ہے اور اسی وجہ سے زعفرانی جماعت کے قائدین ’’بے بنیاد ‘‘ الزامات عائد کررہے ہیں۔