جموئی ، 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ لالو پرساد اور نتیش کمار کا اتحاد زیادہ دن برقرار نہیں رہے گا کیونکہ انہیں این ڈی اے کی کامیابی کا ڈر ہے، اس لئے وہ مجبوراً ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔ راجناتھ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیولر اتحاد میں شامل پارٹیاں بہت جلد ایک دوسرے سے جھگڑ کر علحدہ ہوجائیں گی۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان پر پیدا شدہ تنازعہ پر کہ موجودہ تحفظات سسٹم پر نظرثانی کی جانی چاہئے، مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ تحفظات پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ پہلے سے ہی طئے شدہ بات ہے۔ انھوں نے ادعا کیا کہ موجودہ تحفظات (ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی) سسٹم کو برخاست نہیں کیا جائے گا۔ تحفظات کے تعلق سے یہ لوگ صرف افواہ پھیلا رہے ہیں۔ کالے دھن کے مسئلہ پر سابق صدر بی جے پی نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے باعث ہی عوام نے 3700 کروڑ روپئے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ این ڈی اے کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ ریاست میں ہمہ جہتی ترقی کو تیزی سے انجام دیا جاسکے۔