لالو پرساد ، رانچی کے ریمس ہاسپٹل میں شریک

رانچی ۔ یکم / مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کو دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) سے ڈسچارج ہو کر رانچی پہونچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس شہر کے راجیندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس (ریمس) میں شریک کردیا گیا ۔ لالو پرساد جو چارہ اسکام کے مختلف مقدمات میں زیرقید ہیں ۔ مختلف عارضوں کے علاج کے لئے تقریباً ایک ماہ تک ایمس میں شریک رہنے کے بعد حالت میں بہتری پر ڈسچارج کئے گئے تھے اور کل شام راجدھانی ایکسپریس سے رانچی واپس ہوئے تھے ۔ رانچی ریلوے اسٹیشن کے ایک پولیس افسر نے کہا کہ آج 10 بجے دن ٹرین سے اترنے کے فوری بعد انہیں ریمس لیجایا گیا ۔
جہاں ایک ڈاکٹر نے کہا کہ لالو کو قلب کے علاج کے وارڈس میں شریک کیا گیا جہاں ان کے خون کے نمونے لیتے ہوئے مختلف معائنے کئے گئے ۔ لالو پرساد نے ایمس سے ڈسچارج کئے جانے پر ایک سیاسی سازش قرار دیا ۔