لالو پرساد۔ پاسوان لفظی جنگ میں شدت

ممبئی ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک دوسرے کے حلیف سے حریف بن جانے والے لالو پرساد اور رام ولاس پاسوان کے درمیان اب لفظی بحث و تکرار میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ ضمنی انتخابات کیلئے مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور جیسا کہ مہم کے دوران ایک لیڈر دوسرے لیڈر پر الزام تراشی کرتا ہے بالکل وہی رویہ لالو پرساد نے اختیار کرتے ہوئے پاسوان کو ’’احسان فراموش‘‘ کہنا شروع کردیا ہے جس کا جوابی حملہ کرتے ہوئے پاسوان نے لالو کو ’’جیل جانے کا ماہر لیڈر‘‘ قرار دیا۔ بھاگلپور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد نے پاسوان کو ’’مرغ بادنما‘‘ قرار دیتے ہوئے انہیں احسان فراموش کہا۔ مرغ بادنما یا ویدھر کاک عمارتوں کی چھتوں پر نصب کیا جاتا ہے جو ہوا کا رخ بتاتا ہے۔ ہوا جس رخ کی ہوتی ہے وہ اس جانب مڑ جاتا ہے۔ لالو نے کہا کہ انہوں نے پاسوان کی اس وقت مدد کی جب وہ دربدر پھرا کرتے تھے۔ (2009ء کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد ) اور اس کے بعد آر جے ڈی ایم ایل ایز کی تعداد کی طاقت کی بنیاد پر انہوں نے پاسوان کو راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے دہلی بھیجاتھا لیکن آپ ہی دیکھئے کہ انہوں نے اس کا کیا صلہ دیا۔