لاری کے اُلٹ جانے کا واقعہ

کوڑنگل۔ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کرناٹک سے کوتہ کوٹہ جانے والی گنے سے لدی لاری کوڑنگل مستقر پر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ متاثرین کی بتائی ہوئی تفصیلات کے بموجب ریاست کرناٹک کے مقام شادی پور سے MH-32-B 4733 نمبری گنے سے لدی لاری کوتہ کوٹہ گنا فیکٹری کو جارہی تھی کہ گزشتہ روز سہ پہر کوڑنگل مستقر پر گاندھی نگر کالونی کے دامن میں واقع موڑ پر مختلف سمت سے آنے والی لاری کو سائیڈ دیتے ہوئے بری طرح اُلٹ گئی۔ لاری ڈرائیور مسٹر قطب الدین بخیر و عافیت لاری سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا، مگر لاری میں سفر کرنے والے نوجوان سچن کے پیرانجن میں پھنس گئے۔ موقع پر موجود مقامی لوگوں نے پولیس اور 108 طبی عملہ کو مطلع کیا۔ سب انسپکٹر پولیس مسٹر پروین کمار، 108 طبی عملہ کے ارکان وغیرہ نے بڑی مشکل سے لاری میں پھنسے ہوئے نوجوان کو باہر نکال کر سرکاری دواخانہ سے رجوع کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے نوجوان کی حالت مستحکم بتایا۔ مذکورہ نوجوان ریاست کرناٹک کے موضع شادی پور کے ایک کسان کا لڑکا بتایا جاتا ہے۔