یادگیر۔/7مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے بس اسٹینڈ کے قریب یادگیر سے حیدر آباد جانے والی ایک بس کے تیز رفتار پھلوں سے لدی ہوئی لاری سے ٹکرا جانے کے سبب 3افراد ہلاک ہوگئے اور18 شدیدزخمی ہوگئے ہیں ۔ مہلوکین میں تعلقہ یادگیر کے موضع چنتلی کی ایک 18سالہ لڑکی جیوتی،نارائن پیٹھ تعلقہ یادگیر کی 10 سالہ ہرشیکا بنت اوم پرکاش اور اور موضع نگلا پور کی 7سالہ سنگیتا شامل ہیں۔ یہ خاندان جس کا تعلق موضع چنتلی سے ہے وہ ممبئی سے آکر حیدر آباد جانے والی بس سے سفر کررہے تھے۔ شاہ پور کی جانب سے آتی ہوئی ایک مال سے لدی ہوئی لاری نے اس بس کو ٹکر دے دی۔دو افراد مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ
ایک لڑکی ہسپتال میںفوت ہوگئی ۔اس حادثہ میںجملہ تین افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 18 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ایس پی یادگیر ونشی کرشنا نے ہسپتال پہنچ کر زخمیوںکی عیادت کی۔ایس پی نے تیقن دیا ہے کہ اس حادثہ میں لاری ڈرائیور کی غلطی ہو یا بس ڈرائیور کی ،مکمل تحقیقات کے بعد خاطی کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ تین مہلوک لڑکیوںمیں دو بس کے ذریعہ سفر کررہی تھیں جبکہ تیسری لڑکی ایک آٹو رکشہ میںسوار تھی۔لاری ڈرائیور فرار ہوچکاہے۔ یادگیر ٹائون پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تحقیقات جاری ہیں۔