لارڈز ٹسٹ : نیوزی لینڈ کیلئے 345 کا ٹارگٹ

لندن ، 25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) برینڈن مکلم کی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں لگ بھگ چار یوم تک میزبانوں پر حاوی رہنے کے بعد آج آخری روز شکست سے بچنے کیلئے جدوجہد کرنا پڑ رہا ہے جبکہ یہاں لارڈز پر السٹیر کک کے بولرز عمدہ جیت درج کرانے کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ کیویز 345 کے وکٹری ٹارگٹ پر تادم تحریر دوسرے سیشن کے دوران 115/5 تک گھٹ چکے ہیں۔ صبح میں انگلینڈ نے اپنی غیرمختتم دوسری اننگز کو 429/6 سے آگے بڑھایا اور یہ اننگز 129 اوورز میں 478 آل آؤٹ پر ختم ہوئی ، جس میں کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمن و کپتان کک نے 162 رنز بنائے جبکہ دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمن معین علی نے 43 رنز کا حصہ ادا کیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 389 اسکور کئے تھے، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 523 آل آؤٹ کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ اس طرح میزبانوں کو 344 رنز کی مجموعی سبقت ملی۔ میچ کا ٹاس مکلم نے ہی جیتا تھا۔ چنانچہ انھوں نے ممکنہ طور پر آخری اننگز کھیلنے کا جوکھم لیا اور جب وقت آیا تو وہ اور اُن کے ساتھی بکھر گئے۔ اوپنرز مارٹن گپٹل اور ٹام لاتھم کے علاوہ خود کپتان چھ نمبر پر کھیلتے ہوئے کھاتہ نہیں کھول پائے۔ بی جے واٹلنگ (29*) اور کوری اینڈرسن (33*) کھیل رہے تھے۔