27 سال کی عمر میں ٹسٹ کیریئر کا آغاز کرنیوالے اوپنر 7 پر آؤٹ
لندن ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میاٹ ہنری نے اپنے ٹسٹ کیریئر کے آغاز پر دو وکٹیں لئے جس کے بعد انگلینڈ نے آج یہاں لارڈز پر پہلے ٹسٹ کے افتتاحی روز کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ السٹیر کک کی انگلش ٹیم 30/4 کی دگرگوں حالت میں پہنچ جانے کے بعد لنچ پر 113/4 تک سنبھل گئی، جس کیلئے جوو روٹ (49 ناٹ آؤٹ) اور بن اسٹوکس (36 ناٹ آؤٹ) نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی۔ بعدازاں دوسرے سیشن میں اسٹوکس نے جارحانہ روش اپنائی اور تیزی سے رنز بنائے۔ تاہم وہ 94 گیندوں کی اننگز میں 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 92 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تادم تحریر انگلینڈ نے 196/5 اسکور کرلئے تھے، جس میں روٹ 69 اور جوس بٹلر 1 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ صبح میں نیوزی لینڈ کیپٹن برینڈن مک کلم کا دو ٹسٹ کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ بہت جلد درست ثابت ہوا۔ نئے اوپنر آڈم لِتھ (7) کو ٹِم ساؤدی نے ٹیم کے آٹھویں اوور میں پویلین لوٹا دیا، جس کے بعد گیری بیالنس (1)، کپتان کک (16) اور ایان بیل (1) یکے بعد دیگر آؤٹ ہوگئے۔