لارا نے عمر کی نصف سنچری مکمل کرلی

ممبئی۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹسمین برائن لارا نے اسٹار اسپورٹس کی آئی پی ایل ٹیم کے ساتھ اپنی 50 ویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر اسپوٹرس کے ماہرین کا عملہ برنڈن مکالم ،ڈین جونز،اسکاٹ اسٹائیرس ،گرائم اسمتھ،عرفان پٹھان ،آکاش اور آر پی سنگھ موجود تھے۔ سویگی سے برتھ ڈے کیک منگوایا گیا اور سبھی نے لارا کو نصف سنچری پر مبارک باد دی۔ دریں اثناء پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر برائن لارا کو اْن کی 50ویں سالگرہ پر مبارک باد دی ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام میں شعیب اختر نے برائن لارا کو عظیم لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ تین مواقع کے علاوہ میں آپ کو بولنگ نہیں کرسکا، ہم یہ کیسے کریں؟، ایک نیٹ سیشن ہو سکتا ہے، اس مرتبہ باونسرز نہیں۔ شعیب اختر نے ستمبر 2004ء میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے میچ میں کی ایک یادگار تصویر بھی شائع کی ہے جس میں برائن لارا باونسر لگنے کے بعد زمین پر گرے ہوئے ہیں اور شعیب اختر اْنہیں اٹھنے میں مدد کررہے ہیں۔یاد رہے کہ برائن لارا نے ویسٹ کی طرف سے131 ٹسٹ اور299 ونڈے بین الاقوامی میچز کھیلے، جن میں بالترتیب 11953 اور10405رنز بنائے۔ ٹسٹ کرکٹ میں اْن سے انفرادی اسکور 400 رنز ہے جوکہ آج بھی عالمی ریکارڈ ہے جبکہ ونڈے میں 169 رنز ان کا اعظم ترین اسکور ہے۔