لائین آف کنٹرول پر اعتماد کی بحالی کے اقدامات

ہند پاک عہدیداروں کی آج ملاقات ، مختلف تجاویز پر غور کا امکان
نئی دہلی ۔ /17 جولائی ( پی ٹی آئی ) ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی جاریہ ماہ کے اواخر میں ہونے والی بات چیت سے قبل کل دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں لائین آف کنٹرول کے پار اعتماد کی بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس اجلاس میں موجودہ لائین آف کنٹرول پر تجارت اور سفری انتظامات کو زیادہ مؤثر و مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ لائن آف کنٹرول کے پار اعتماد کی بحالی کیلئے مختلف تجاویز پیش کی جائیں گی ۔ ممبئی دھماکوں کے بعد دونوں ممالک کے مابین یہ پہلی ملاقات ہے ۔ اجلاس میں وزارت امور خارجہ اور وزارت داخلہ کے عہدیدار نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان کی جانب سے وزارت خارجہ کے ڈائرکٹر جنرل عہدے کے مماثل عہدیدار نمائندگی کریں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں ہندوستان سرحد پار تجارت کیلئے موثر بینک کاری نظام اور تجارت کیلئے منتخبہ 21 اشیاء کی زمرہ بندی کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دے گا ۔ حکومت نے تجارت کے ایام میں پہلے ہی توسیع کردی ہے اور لائین آف کنٹرول پار تجارت کی پہلے دو ہفتے اجازت تھی لیکن اسے بڑھا کر چار ہفتے کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر میں ملٹی پل انٹری پرمٹ 6 ماہ کیلئے کارآمد ہوگا ۔ ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی /26 و /27 جولائی کو بات چیت ہوگی جس میں وزیر امور خارجہ ایس ایم کرشنا ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔ اسلام آباد نے منسٹر آف اسٹیٹ امور خارجہ حنا ربانی کی جانب سے پاکستانی وفد کی قیادت کا اعلان کیا ہے ۔ انہیں کابینی درجہ پر ترقی دیئے جانے کا امکان ہے ۔ اس ملاقات سے قبل پاکستانی معتمد خارجہ سلمان بشیر بھی نئی دہلی کا دورہ کریں گے ۔