لائف اسٹائل گودام میں آہنی ریک گرنے سے ملازم زخمی

حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) پیٹ بشیرآباد کے علاقہ گلہ پوچم پلی میں مشہور لائف اسٹائل گودام کا آہنی ریک گرنے کے نتیجہ میں ایک ملازم زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہیکہ لائف اسٹائل کے ایک ملازم نے ریک میں ملبوسات جمانے میں مصروف تھا کہ ریک توازن کھو کر نیچے گر پڑا اور ملازم اس میں پھنس گیا۔ پولیس نے ملازم کو بچانے کیلئے فوری حرکت میں آ کر رسکیو ٹیم کو طلب کیا اور بعدازاں اسے وہاں سے نکال لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ لاپرواہی کیلئے پولیس ایک مقدمہ درج کرے گی۔

پانی کے سمپ سے گداگر کی نعش دستیاب
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز پولیس حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں پانی کے سمپ سے گداگر کی نعش برآمد ہوئی۔ بتایا جاتا ہیکہ 45 سالہ سرینواس جو جوبلی ہلز کے ایک مندر میں گداگری کے ذریعہ زندگی گذار رہا تھا، اتفاقی طور پر تین دن قبل پانی کے سمپ میں گر گیا اور ہلاک ہوگیا۔ سمپ سے تعفن آنے کے نتیجہ میں پولیس نے سمپ کا معائنہ کیا جس میں سرینواس کی نعش برآمد ہوئی۔ پولیس کو شبہ ہیکہ حالت نشہ میں گداگر پانی کے سمپ میں گر کر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔