ڈیوس کپ ورلڈ گروپ میں رسائی پر مسرت کا اظہار ۔ اسپینی اسٹار کا ڈبلز میں کامیابی کے بعد اظہار خیال
نئی دہلی 18 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن رافیل نڈال نے کہا کہ ہندوستان کے سینئر ٹینس اسٹار لئینڈر پئیس ڈبلز ٹینس کے ایک بڑے کھلاڑی اور ٹینس کی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ نڈال نے ڈبلز میچ میں کامیابی کے ذریعہ اسپین کی ٹیم کو ڈیوس کپ ورلڈ گروپ کے فائنل میں رسائی دلائی تھی ۔ نڈال نے پئیس اور ساکٹ مئینینی کو شکست دینے کے بعد اپنے اظہار خیال میں کہا کہ لئینڈر پئیس نے ایک بہترین میچ کھیلا ہے ۔ یہ بہترین صورتحال ہے ۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ ان کے ملک میں ان کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ وہ ڈبلڈ ٹینس کے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ٹینس کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں ان کا شکار ہوتا ہے ۔ نڈال نے مارک لوپیز کے ساتھ مل کر یہ میچ جیتا تھا ۔ نڈال نے کہا کہ پئیس کے خلاف مقابلہ کرنا ایک بڑی بات ہے اور یہ بہت مشکل میچ تھا ۔ ہم نے بھی اچھی ٹینس کھیلی ہے اور ہم خوش ہے کہ ہم نے کامیابی حاصل کی اور ورلڈ گروپ میں واپسی کی ہے ۔ ہم سجھتے ہیں کہ ہمیں ورلڈ گروپ میں رہنا چاہئے کیونکہ ہمارے کھلاڑی ٹاپ 100 میں جگہ رکھتے ہیں۔ اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہمارا مقصد تھا اور ہم نے اسے پورا کرلیا ۔ ہمارے لئے یہ بہت اہم مقابلہ تھا کیونکہ ہم دو سال سے ورلڈ گروپ سے باہر تھے ۔ پئیس اور مئینینی نے پہلے سیٹ میں کامیابی حاصل کرلی تھی اور دوسرے سیٹ میں بھی وہ 5 – 4 سے آگے تھے تاہم نڈال اور لوپیز نے اچھی مزاحمت کے ذریعہ میچ میں واپسی کی تھی ۔ نڈال نے واضح کیا کہ ان کے پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے ہی وہ جمعہ کو رام کمار رامناتھن کے خلاف افتتاحی سنگلز مقابلہ نہیں کھیل سکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کلائی میں کوئی مسئلہ نہیں تھا ۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ کس صورتحال کا شکار تھے اور وہ اس کے تعلق سے پوری سچائی بیان کرتے ہیں۔ ان کی کلائی میں بہتری پیدا ہو رہی ہے ۔ اس سے حالانکہ انہیں اب بھی کچھ تکلیف ہوتی ہے لیکن وہ خوش ہیں کہ اس میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے ۔ یہاں بہت زیادہ رطبوبت ہے اور پریکٹس کے بعد انہوں نے ہوٹل میں لنچ کیا ۔ وہ محسوس کر رہے تھے کہ وہ اچھی حالت میں نہیں ہیں اسی لئے انہوں نے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھی کھلاڑی فیلشیانو لوپیز اچھی حالت میںتھے اسی لئے انہوں نے افتتاحی مقابلہ میں حصہ لیا تھا ۔ اس سوال پر کہ ڈبلز میچ میں پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود انہیں واپسی کا یقین تھا نڈال نے کہا کہ ہم نے پوائنٹ ٹو پوائنٹ کھیلانے کو ترجیح دی تھی اور آگے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا ۔ ہم یقینی طور پر مشکل صورتحال میں تھے ۔ لیکن ہم نے مزاحمت کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر ہم میچ میں اپوسی کرنے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑی سے ہر مرحلہ پر تبادلہ خیال کرتے رہے اور یہی چیز ان کیلئے بہتر ثابت ہوئی ۔ انہوں ین کہا کہ ڈیوس کپ ڈبلز میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں ۔ یہ اہمیت کی بات ہے کہ ہم نے میچ جیت لیا ہے ۔