ق323 قدیم قوانین کی تنسیخ کیلئے حکومت کوشاں

نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) قدیم قوانین کو برخواست کردینے کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے حکومت نے جملہ 323 قوانین کی نشاندہی کی ہے جن کی تنسیخ عمل میں لائی جائیگی ۔ اس سلسلہ میں بلز پارلیمنٹ کے آئندہ سشن میں پیش کئے جائیں گے ۔ حکومت ایسے تقریبا 700 Appropriation acts کو بھی ختم کرنا چاہتی ہے جو کئی برسوں میں پارلیمنٹ میں منظور ہوئے تھے تاہم اب ان کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی تھی کیونکہ یہ حکومت کی جانب سے فنڈز سے دستبرداری کیلئے ایک وقت ہی استعمال ہوسکے ہیں۔ ومیر قانون روی شنکر پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں پہلے ہی 32 ترمیمی قوانین اور چار اصل قوانین کی تنسیخ کیلئے ایک بل زیر التوا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایک اور بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے تاکہ اسی طرح کے جملہ 287 قوانین کی تنسیخ عمل میں لائی جاسکے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں 36 قوانین کی تنسیخ کیلئے جو بل پیش کیا گیا تھا وہ اب پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی میں ہے جو امکان ہے کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل اپنی رپورٹ پیش کردیگی ۔ امکان ہے کہ سرمائی اجلاس ماہ نومبر میں شروع ہوگا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مئی کے مہینے میں اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد کہا تھا کہ قدیم قوانین کی تنسیخ ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔