حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ایک سارق کو گرفتار کرلیا جس نے قیمتی ڈیجیٹل کیمروں کا سرقہ کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ ٹی ونود کمار ریڈی جو پیشہ سے کمپیوٹر ٹرینر ہے ساکن این بی ٹی نگر بنجارہ ہلز جس کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع گنٹور سے ہے نے سال 2010 ء میں شہر منتقل ہونے کے بعد خانگی اسکول میں کمپیوٹر ٹرینر کی ملازمت حاصل کی ۔ لیکن مناسب آمدنی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے او ایل ایکس ویب سائیٹ کے ذریعہ قیمتی ڈیجیٹل کیمرے کرایہ پر حاصل کرنے لگا اور بعد ازاں ان کیمروں کو کم دام میں دیگر افراد کو فروخت کردیا کرتا تھا ۔ ونود کمار ریڈی نے جون 2018 ء میں او ایل ایکس ویب سائیٹ کے ذریعہ کیمرے کرایہ پر حاصل کرنے لگا اور دو ماہ تک کرایہ ادا کرتا تھا اور بعد ازاں اسی کیمرے کو کم دام میں دیگر افراد کو فروخت کیا کرتا تھا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ ونود کمار ریڈی نے علاقہ ایس آر نگر ، لنگر حوض ، گوپال پورم ، میاں پور ، صنعت نگر کے علاوہ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن حدود میں بھی اسی قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث ہوتے ہوئے قیمتی کیمروں کو فروخت کیا تھا ۔ ٹاسک فورس نے مذکورہ سارق کے قبضے سے 9 ڈیجیٹل کیمرے جن کی مالیت 7 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا ۔