قیمتی موٹر سائیکل لے کر فرار سارق ممبئی میں گرفتار

حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) ٹسٹ ڈرائیو کے بہانے لاکھوں روپئے مالیتی موٹر سیکل لیکر رفوچکر ہونے والے انوکھے سارق کو حیدرآباد پولیس کی ٹیم نے ممبئی میں گرفتار کرلیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ او این جی سی میں سب مرین انجینئر کی حیثیت سے کام کرنے والے ایک نوجوان نے کل بنجارہ ہلز میں واقع ہارلی ڈیویڈسن شوروم سے 6 لاکھ مالیتی موٹرسیکل (ہارلی ڈیویڈسن اسٹریٹ 750 ماڈل) خریدنے کے بہانے ٹسٹ ڈرائیو کی خواہش کا اظہار کیا اور وہ اچانک موٹر سیکل سمیت غائب ہوگیا۔ نوجوان نے خود کی شناخت سید طاہر کی حیثیت سے کی اور وہ خود کو سافٹ ویر انجینئر ظاہر کرتے ہوئے کریڈٹ کارڈ بھی دکھایا۔ اس کا اصل نام کرن ہے جو ریٹائرڈ فوجی کا بیٹا ہے۔ شوروم انتظامیہ نے بنجارہ ہلز پولیس سے اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے شوروم کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا اور عینی شواہد کی بنیاد پر اس کا پتہ ممبئی میں چلا لیا گیا۔ حیدرآباد پولیس نے ممبئی پولیس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا اور اسے وہیں پر حراست میں لے لیا گیا۔ بنجارہ ہلز پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لے گئے نوجوان کے قبضہ سے مسروقہ موٹر سیکل برآمد کرلی گئی ہے اور اسے حیدرآباد منتقل کیا جارہا ہے۔