نئی دہلی یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے آج کہا کہ وہ ملک میں قیمتوں کی موجودہ صورتحال پر ’’گہری نگرانی ‘‘رکھے ہوئے ہیں اور افراط زر میںکمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے فینانس نرملا سیتا رامن نے کہا کہ غذائی افراط زر میں پہلے ہی کمی کے آثار ظاہر ہورہے ہیں جو حکومت کے قبل ازیں کئے ہوئے اقدامات کا نتیجہ ہے ۔ تازہ ترین ٹھوک فروشی کی قیمتوں کے اشاریہ کے بموجب 31 اشیائے ضروریہ میں افراط زر جون میں اعتدال پر آگیا ہے اور اس میں 6.05 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال اسی ماہ میں یہ 9.27 فیصد تھا ۔ چلر فروشی میں افرا ط زر غذائی اشیاء کے سلسلہ میں اعتدال پر ہے اور جون میں گذشتہ 28 ماہ کے دوران سب سے کم یعنی 7.9 فیصد تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں استحکام کی پابند ہے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور افراط زر میں کمی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ ایسے کئی اقدامات میں پھلوں اور ترکاریوں کو زرعی پیداوار کی فروخت کمیٹی کے دائرہ کار سے خارج کردینا بھی شامل ہیں۔ پیاز اور آلو کی گھریلو استعمال کیلئے قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ریزر بینک اپنی دوماہی مالی پالیسی کا پانچ اگست کو اعلان کرے گی۔ افراط زر پر قابو پانے کیلئے ریزر بینک نے بلند شرح سود برقرار رکھی ہے ۔