قیدی کی لاج میں خودکشی

دیگلور۔/21ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پڑوسی ریاست تلنگانہ کا ایک قیدی جو حال ہی میں پیرول پر رہا ہوا ہے نے دیگلور کی لاج میں قیام کے دوران زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلینے کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے بموجب ملزم بھاسکر بسونت منڈگے ( عمر 26سال ) ساکن موگھا ( منڈل مدنور ضلع نظام آباد تلنگانہ )  جو تلنگانہ میں کسی معاملہ میں جیل کی سزآ کاٹ رہا ہے حال ہی میں جیل سے پیرول پر رہا ہوا تھا 18ستمبر کی رات 8 بجے بھاسکر منڈگے یہاں لوبھیا میدان میں واقع بھومیا لاج میں روم نمبر 127 میں مقیم تھا۔ 17ستمبر کو شام میں روم کی صفائی کیلئے لاج کا ملازم جب روم پر بیل بجایا تو کوئی جواب اندر سے نہیں آیا۔ ملازم نے یہ بات اپنے لاج کے منیجر گنگادھر کو بتائی۔ منیجر نے رجسٹر میں اندراج کردہ موبائیل نمبر پر ربط کیا ملزم کے اہل خانہ لاج پہنچے۔ اس درمیان دیگلور پولیس بھی لاج پہنچ گئی۔ پولیس جمعدار دیپک جوگے کی موجودگی میں لاج کے روم کا دروازہ توڑا گیا۔ اندر پلنگ پر بھاسکر منڈگے کی نعش منہ سے کف بہتی ہوئی پائی گئی۔ وہ روم میں تنہا مقیم تھا۔ خودکشی کیلئے اس نے کوئی زہریلے مادہ کا استعمال کیا۔ دیگلور پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کرکے تلنگانہ پولیس کو اطلاع کردی ہے۔ مزید تحقیقات سب انسپکٹر سرودے کررہے ہیں۔

کاغذ نگر میں سڑک حادثہ
فیکٹری ملازم شدید زخمی
کاغذ نگر۔/21ستمبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں دن بہ دن حادثات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور حادثات پر کنٹرول کرنے والا کوئی موجود نہیں ہے۔ 20ستمبر کی شام کاغذ نگر پٹرول پمپ علاقہ میں سرپور پیپر ملز کے ملازم محمدسرفراز موٹر سیکل پر جارہے تھے کہ اچانک مخالف سمت سے تیز رفتار موٹر سیکل کی ٹکر اور حادثہ میں محمد سرفراز شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی خانگی دواخانہ میں علاج کے بعد کریم نگر خانگی دواخانہ کو منتقل کردیا گیا۔  افراد خاندان کی اطلاع کے بموجب محمد سرفراز شدید زخمی ہونے پر اور حادثہ بھیانک ہونے پر سر کے اندرون گہرا زخم آنے کی وجہ سے کوما میں چلے گئے ہیں اور ڈاکٹروں نے حالت تشویشناک بتائی ہے۔ کاغذ نگر پولیس نے کیس رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔