قیدی، فاصلاتی تعلیم سے استفادہ کریں

کریم نگر میں شعور بیداری پروگرام سے ڈاکٹر ای راجندر ریڈی کا خطاب
کریم نگر۔/14ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جیل میں محروس قیدی جب بھی انہیں فرصت ملتی ہے ایسے اوقات میں تعلیم کے حصول کیلئے وقت صرف کریں تاکہ ان کی قابلیت میں اضافہ ہوسکے، بے کار میں وقت ضائع نہ کریں۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر علاقائی مشاورتی مرکز کریم نگر ضلع کے مددگار ڈائرکٹر ڈاکٹر ای راجندر ریڈی نے قیدیوں کو یہ مشورہ دیا۔ کریم نگر ضلع جیل میں قیدیوں کو بروز ہفتہ فاصلاتی طریقہ تعلیم سے استفادہ کے تحت شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر راجندر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں فی الحال محروس قیدی بہت سارے ایسے ہوں گے جوجذبات سے مغلوب ہوکر دانستہ یا نادانستہ اور جانے انجانے میں کوئی قصور کئے ہوں گے جس کا انہیں بعد میں احساس ہونے پر افسوس بھی ہوا ہوگا لیکن ان کی غلطیوں کی نتیجہ میں آج انہیں جیل کی سزا بھگتنی پڑرہی ہے اب پچھتانے کے بجائے اپنے آپ کو بدلنے کی کوشش کریں اور اچھے چال چلن اپناتے ہوئے جیل سے رہائی کے بعد سماجی زندگی میں مل جل کر بہتر انداز میں زندگی گزارنے کے لئے تعلیم حاصل کرلیں کیونکہ یہ خالی اوقات کا بہترین مصرف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غلطی کرنے کے بعد سدھر جانا اچھے شہری کی طرح زندگی گزاری جاسکتی ہے۔قیدیوں میں بدلاو آجانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ چرلہ پلی، ورنگل، ویزاگ، راجمندری، کڑپہ وغیرہ کی سنٹرل جیلوں میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔اس موقع پر جیل نگرانکار جی رامچندرنے قیدیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ جولائی سے ریاستی ڈی جی پی کے احکامات کے مطابق جیل میں جن قیدیوں کو لکھنا پرھنا نہیں آتا انہیں ابتدائی تعلیم دی جائے اور تعلیم یافتہ قیدیوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے فاصلاتی طرز تعلیم سے استفادہ کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے انسان کی سوجھ بوجھ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اچھائی اور برائی میں تمیز کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند قیدیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔