قیام تلنگانہ کیلئے ٹی آر ایس کا پروپگنڈہ مضحکہ خیز

محبوب نگر میں کانگریس کارکنوں سے مرکزی وزیر جے پال ریڈی کا خطاب

محبوب نگر /10 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ پارلیمان محبوب نگر سے کانگریسی امیدوار و مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد شالیمار گارڈن محبوب نگر میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کا قیام سونیا گاندھی کا مرہون منت ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے پروپگنڈہ کا مضحکہ اڑایا کہ علحدہ تلنگانہ قیام اس کی وجہ سے ہوا ہے انہوں نے سوال کیا کہ مانگنے والے کی اہمیت ہوتی ہے یا عطا کرنے والے کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2009 ڈسمبر میں ہی سونیا گاندھی نے تلنگانہ کا اعلان کیا لیکن تمام فریقین کے ساتھ انصاف اور تمام مقامات کے عوام کو مطمین کرنا بھی تو ضروری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کیلئے کے سی آر سونیا گاندھی ، راہول اور خود مجھ سے ملاقات کرتے رہے ۔ وعدے کئے لیکن آج تمام کو فراموش کرکے تلنگانہ کی وزیر اعلی کی کرسی پر نظریں لگائے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی تلگودیشم کو ناپاک گٹھ جوڑ سے تعبیر کیا اور کہا کہ بابو مخالف تلنگانہ ہیں اور بی جے پی نے علحدہ تلنگانہ بل کی حمایت کی ہے ۔ اقتدار کی ہوس میں انہیں کچھ بھی سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قومی پارٹی ہے تلنگانہ اور آندھرا سیما میں بھی اپنی حکومت قائم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد اب ان الیکشنوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور کانگریس کو کامیاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی سے بہترین اظہار تشکر کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میرا وطن ہے اور تلنگانہ کے قیام کے بعد میرے وطن سے کامیاب ہونا میری عین خواہش ہے ۔ انہوں نے اپنے پٹرولیم وزیر کی حیثیت سے انجام دئے گئے کاموں کا مختصر تذکرہ کیا کہ بی سی طبقہ کو 33 فیصد ریزروشین کے تحت پٹرول بنکس منظور کروائے گئے اور بی سی ریزرویشن کیلئے میں نے جدوجہد کی ۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس عبیداللہ کوتوال ، ڈاکٹر ملوری ، جگدیشور ریڈی ایم ایل سی ، پرکاش ، الطاف حسین ایڈوکیٹ ، محمد حنیف انور پاشاہ ، تقی حسین تقی یوسف، ناصر و دیگر کانگریس قائدین موجود تھے ۔