جنگاؤں ۔25 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد رضی الدین احمد سکریٹری پی سی سی (فرزند محمد کمال الدین احمد سابق مرکزی وزیر) نے کہا کہ صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی، نائب صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی کا تلنگانہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 60 سالہ جدوجہد کے بعد علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ ساڑھے چار کروڑ تلنگانہ کے عوام تلنگانہ ریاست قائم ہونے کیلئے کئی بار تحریک چلائی گئی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں سیما۔ آندھرا کے چند قائدین کا رویہ بے حد شرمناک تھا۔ ان ارکان نے پارلیمنٹ کے اندر کچھ ایسا ماحول پیدا کیا جس سے دونوں تلنگانہ اور آندھرا کے عوام کے درمیان تناؤ پیدا ہونے کا اندیشہ ہوگیا تھا، لیکن دونوں علاقوں کے عوام نے صبر و تحمل سے کام کیا اور خوش ہیں۔
دو ریاستوں کے عوام ترقی کرتے ہوئے خوشحال زندگی گزاریں یہ ہماری خواہش ہے۔ تلنگانہ کے سارے مسلمان علیحدہ تلنگانہ ریاست کے حق میں تھے اور انہوں نے سرگرم رول ادا کیا۔ تلنگانہ ریاست قائم ہونے پر یہاں کے مسلمانوں کو ترقی حاصل ہوگی۔ مسٹر محمد رضی الدین نے مرکزی قائدین سے اپیل کی کہ نئی ریاست تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ مسلمان کو دیں اور کہا کہ کانگریس پارٹی سے ہی سارے طبقوں اور قوموں کی ہر طرح سے بھلائی ہوگی۔ تلنگانہ ریاست میں مسلمانوں کو تحفظات دیئے جانے کا جو وعدہ کیا، اس پر عمل کیا جائے۔ تلنگانہ کے مسلمان علیحدہ ریاست میں تعلیم و روزگار اور سیاسی میدان میں ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قائم ہونے پر اردو زبان کو بھی ترقی حاصل ہوگی۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں اردو بولنے والوں کی تعداد قابل لحاظ ہے۔ یہاں پر اردو زبان کے ساتھ انصاف ہوگا۔