رامپور 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) یو پی کے وزیر اوقاف اعظم خان نے الزام عائد کیا کہ ان کی قیامگاہ کے باہر کل لکھنو میں جو احتجاج کیا گیا تھا وہ در اصل بی جے پی کو خوش کرنے کی کوشش تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی کل کیا گیا ہے وہ بی جے پی کو خوش کرنے کو تھا ۔ جمعۃ الوداع کی نماز کے موقع پر ہنگامہ آرائی قابل مذمت ہے ۔ کل تقریبا 50 افراد نے اعظم خان کے گھر کے گھیراؤ کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ وہ شیعہ وقف بورڈ میں بدعنوان عہدیداروں کو متعین کر رہے ہیں۔ اعظم خان نے ادعا کیا کہ کل کا احتجاج در اصل ایک روزہ دار کو زبردستی روٹی کھلانے کے واقعہ کو پس منظر میں ڈھکیلنے کی کوشش تھی تاکہ بی جے پی کو راحت مل سکے ۔