قیادت کی تبدیلی پر راشد خان اور محمد نبی کی شدید تنقید

کابل۔6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی سطح پر شہرت کے حامل افغان کھلاڑیوں محمد نبی اور راشد خان نے افغانستان کی ٹیم میں قیادت کی تبدیلی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے ورلڈ کپ سے قبل قیادت کی اچھاڑ پچھاڑ کو متعصبانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ افغانستان کے کرکٹ بورڈ نے اصغر افغان کے تینوں فارمیٹس میں چارسالہ دور قیادت کا خاتمہ کرتے ہوئے رحمت شاہ کو ٹسٹ،گلبدین نائب کو ونڈے اور راشد خان کو ٹوئنٹی 20 کا کپتان مقررکردیا تھا۔ راشد خان ونڈے ٹیم کی نائب کپتانی بھی کریں گے جبکہ حشمت اللہ شاہدی کو ٹسٹ جبکہ شفیق اللہ کو ٹوئنٹی 20 ٹیم کی نائب کپتانی سونپ دی گئی۔ دوسری جانب ملک کے صف اول کے کھلاڑیوں محمد نبی اور راشد خان نے اپنے ٹوئٹر پیغامات میں افغان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو متعصبانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے قریب ہونے کے سبب کپتانی میں تبدیلی کا وقت درست نہیں اور سب سے اہم بات یہ کہ افغانستان کے کھلاڑی اصغر افغان کی زیر قیادت متحد ہوکر بہترین مظاہرہ کررہے تھے۔