خانہ پور /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امام کے سجدہ میں جاتے ہی تمام قوم سجدہ میں جاتی ہے، اس لئے امام اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے پیچھے پوری قوم ہے۔ ائمہ کو چاہئے کہ وہ اپنی عملی زندگی بہتر بنائیں اور خود پہلے عمل کرتے ہوئے قوم کی صحیح رہنمائی کریں۔ یہ بات دارالعلوم صدیقیہ خانہ پور میں جلسہ دستار بندی حفاظ کرام کے موقع پر مولانا ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند (یو پی) نے کی۔ انھوں نے حفاظ اور علماء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی میں علمائے دارالعلوم دیوبند کی اہم قربانیاں ہیں۔ ملک میں اسلام کی بقاء کے لئے علماء نے کافی جدوجہد کی ہے اور آج پوری دنیا کے مسلمان کسی نہ کسی طریقے سے دارالعلوم دیوبند سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو عیسائیت کی دوسری کالونی سے بچانے میں علماء نے اہم کردار ادا کیا ہے، لہذا دور حاضر کے علماء اور حفاظ بھی اپنی ذمہ داریوں کا لحاظ رکھیں اور اپنی زندگی کو مثالی بنائیں۔ انھوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر جذبہ پیدا کریں کہ قوم کی ممکنہ رہنمائی ہوسکے۔ انھوں نے مسلمانوں سے گزارش کی کہ وہ پنجگانہ نماز ادا کرتے ہوئے اللہ تعالی سے رجوع ہوں، اپنے مطالبات منوائیں اور مدارس دینیہ کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ اس موقع پر انھوں نے مدرسہ ہذا سے حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے 32 حفاظ کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد عبد القوی ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کی صدارت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھرا نے کی، جب کہ خطبہ استقبالیہ مولانا محمد مصدق قاسمی ناظم مدرسہ ہذا نے پیش کیا۔ اس موقع پر دو نوجوانوں کی تقریب نکاح بھی منعقد ہوئی۔ جلسہ میں اضلاع عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، نرمل، مامڑہ اور دیگر مقامات کے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تکمیل حفظ کرنے والوں میں محمد ارشاد، محمد شمشیر، محمد عادل نواز خاں، محمد عمیر خان، محمد عبد الواجد، خواجہ ارشد خان، سید سلمان، محمد عامر الردین، محمد شاہ رخ، محمد عمیر، شیخ عبد المنان، شیخ عامر، محمد اکبر خاں، محمد عمیر خان، سید معاذ، محمد عرفان، شیخ چاند پاشاہ، محمد انور، شیخ زبیر، محمد انضمام، سید سراج الحسن، سید عامر الدین، محمد اسلم، محمد شعیب، شیخ شاہ رخ، محمد اسامہ، محمد عرفان، شیخ سہیل، سید شاہد، شیخ سلمان اور محمد حسن علی شامل ہیں۔ اس موقع پر مدرسہ ہذا کی جانب سے ضلع عادل آباد کے علماء، حفاظ اور مؤذنین، جن میں قابل ذکر مفتی الیاس احمد حامد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء نرمل، مولانا محمد مصدق القاسمی، مولانا ابوبکر، مولانا محمد شاہد علی مظاہری، مولوی انور قاسمی اور دیگر کو صدر جلسہ مولانا محمد شاہ جمال الرحمن مفتاحی نے تہنیت پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی اور مومنٹو پیش کیا۔