قوم کیلئے نقصاندہ کانگریسی اب ضمانت پر ہیں، مودی کا طنز

سورت؍ ڈانڈی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ظاہر طور پر گاندھی۔ نہرو خاندان پر چوٹ میں کہا کہ وہ جنھوں نے ملک کو لرزایا اور اسے جیل میں تبدیل کیا ، اب عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ وہ سورت میں ’یوتھ کانکلیوو‘ میں مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسی نے سوچا نہیں تھا کہ ایک ’چائے والا‘ انھیں چیلنج کرے گا۔ ’’آپ واقف ہیں کہ وہ ضمانت پر ہیں، درست؟ اُن کے دربار والے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ مجھے اعتماد ہے، مجھے 125 کروڑ عوام کا آشیرواد حاصل ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ عدالتوں کے کتنے چکر لگاتے ہیں، ایک دن انھیں جانا ہی ہوگا۔ جنھوں نے ملک کو لوٹا ہے اسے واپس کرنا پڑے گا۔‘‘ مودی نے لوک سبھا چناؤ کیلئے مہم کا عملاً آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی حکومت نے ’’مایوسی کو اُمید کے ساتھ‘‘ بدلتے ہوئے ’’تبدیلی‘‘لائی ہے۔ قبل ازیں ڈانڈی میں وزیراعظم مودی نے اپنے ناقدین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’منفی ذہنیت‘‘ والے لوگوں نے مہاتما گاندھی کو تاریخی ڈانڈی مارچ سے روکنے کی کوشش کی تھی اور اب انھیں اور اُن کی حکومت کو موافق عوام اسکیمات شروع کرنے پر چیلنج کررہے ہیں۔ گاندھی جی کی 71 ویں برسی پر مودی نے نوساری ضلع کے تاریخی مقام ڈانڈی میں قومی نمک ستیہ گرہ یادگار اور ایک میوزیم کو قوم سے معنون کیا۔ اس یادگار پر گاندھی جی و دیگر 80 ستیہ گراہیوں کے مجسمے موجود ہیں جنہوں نے مارچ 1930ء میں ڈانڈی نمک ستیہ گرہ (ڈانڈی مارچ) میں حصہ لیا تھا۔

اس مقام پر 24 جھانکیاں بھی موجود ہیں جو اس تاریخی مارچ کے مختلف واقعات بیان کرتی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس مقام پر آج ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق حکومت پر مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر سابق حکومتیں وہ کام کی ہوتیں جو تاحال میں کرچکا ہوں تو انہیں ان کاموں کی تکمیل کیلئے 25 سال کا وقت لگ جاتا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’ہم اپنی چار سالہ حکمرانی کے دوران 1.30 گھر تعمیر کرچکے ہیں جبکہ یو پی اے حکمرانی میں صرف 25 لاکھ گھر تعمیر کئے گئے تھے۔ وزیراعظم نے نوٹ بندی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گھروں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اور نوجوانوں کیلئے گھروں کا حصول قابل دسترس ہوا ہے۔