اندور 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو میں 9 فروری کو منعقدہ پروگرام میں مخالف ہند نعرے بلند کرنے پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ اظہار خیال کی آزادی کے یہ معنی نہیں ہے کہ کوئی قوم دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتا ہے۔ اندور میں کل شب چترا بھارتی فلم فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد انھوں نے کہاکہ جس طرح ہندوستان میں اظہار خیال کی آزادی ہے دوسرے ممالک میں نہیں ہے۔ لیکن اظہار رائے کی آزادی کے نام قوم دشمن سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ہندوستان نے ہمیشہ دنیا کو امن اور خوشحالی کا پیام دیا ہے لیکن ملک میں بعض لوگ اظہار خیال کی آزادی کی نئی تشریح پیش کررہے ہیں جبکہ کسی دوسرے ملک میں اس طرح کے نعرے بلند کرنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ اگرچیکہ ماضی میں بھی میر جعفر اور جیہ چند جیسے غدار موجود تھے۔