بھونگیر /23 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آر ڈی او بھونگیر مدھو سدن کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام ہفتہ کو کیا گیا ۔ مدعوئین میں سرکردہ قائدین ایم ایل اے بھونگیر پائیلا شیکھر ریڈی ، میونسپل کمشنر کمار سوامی ڈی ایس پی ، سرینواس ، رورل سی آئی نریندر ، ٹاون سی آئی ستیش ریڈی ، ایم اے رحیم ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر ہارون خان ، بشیرالدین انصاری موظف MEO میونسپل چیرپر سروی لاونیا ، گنیش اتسو سمیتی صدر سروی سرینواس ، چاند پاشاہ میناریٹی ایمپلائیز قائد ، کانگریس ، ٹی ڈی پی ، بی جے پی ، ایم آئی ایم کے سرکردہ قائدین کے علاوہ تقریباً 300 روزہ داروں نے افطار دعوت میں شرکت کی ۔ اس موقع پر RDO بھونگیر مدھوسدن نے کہا کہ ان کی جانب سے مسلمان بھائیوں کو افطار کرواتے ہوئے کافی مسرت ہوا ہی ہے اور روزہ داروں کی خدمت کرتے ہوئے وہ اپنے آپ کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں ۔ انہوں نے روزہ داروں کو ماہ رمضان اور عید کی پرخلوص مبارکباد دی ۔ ایم اے رحیم ایڈوکیٹ نے کہا کہ آر ڈی او بھونگیر مدھو سدن نے اپنے ذاتی خرچ سے افطار پارٹی منعقد کرتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کے علاوہ اس ملک کی رواداری کے کلچر کو فروغ دیتے ہوئے قومی یکجہتی کی مثال قائم کی ہے ۔ جب کہ ان کا یہ تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے مسلمانوں کو بھی تلقین کی کہ روزوں کے ذریعہ جو تزکیہ نفس کی عملی مشق ہوئی ہے ۔ اس کیفیت کو سال بھر اپنی عملی زندگی میں استعمال کرتیہ وئے قرب الہی سے فیضیاب ہونے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بھونگیر ایم اے پی شیکھر ریڈی نے تلنگانہ ریاست کے قیام کے پہلے رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے مسلمانوں سے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت انتخابی منشور میں کئے ہوئے تمام وعدوں کی تکمیل کی پابند ہے اور مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کو ضرور عملی جامہ پہونائئے گی ۔ ایم ایل اے پی شیکھر ریڈی نے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کو دی جانے والی تمام مراعات کو مستحق افراد تک پہونچانے کو یقین بنانے کی پوری کوشش کریں گے ۔