نظام آباد:23؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قومی یوم رائے دہندگان کے بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لانے کی چیف الیکشن کمشنر مسٹر بھنور لال نے ضلع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایت دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 25؍ جنوری کے روز ملک بھر میں قومی یوم رائے دہندگان منعقد کیا جارہا ہے۔ ضلع کے نوجوانوں اور عوام کو شعور بیدار کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کیلئے ترغیب دینے اور خصوصی پروگرامس کے انعقاد کرنے اور مقابلوں میں منعقدہ افراد کو حلقہ واری اور ضلع واری سطح پر انعامات دینے، ضلع میں ریالیوں کے انعقاد، یوم جمہوریہ کے موقع پر جھانکیاں پیش کرنے، نئے ناموں کے اندراج کرنے والے نوجوان رائے دہندوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ضلع جوائنٹ کلکٹر رویندرریڈی نے الیکشن کمشنر کو واقف کراتے ہوئے بتایا کہ پولنگ اسٹیشن سطح پر رنگولی کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سینئر اور جونیئر طلبہ کو تحریری مقابلہ اور پیٹنگ کے مقابلہ منعقد کئے گئے۔ انہیں قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر انعامات دئیے جائیں گے۔ ضلع سطح پر کامیاب ہونے والے افراد کو 24؍ جنوری کے روز حیدرآباد میں منعقدہ پروگرامس کیلئے منتخب کیا جائیگا۔ 25؍ جنوری کے روز کلکٹریٹ سے نہروپارک سے ہوتے ہوئے راجیو گاندھی آڈیٹیوریم تک این سی سی، این ایس ایس، نہرویوا کیندر، سینئر سٹیزنس، ڈگری کے طلبہ، نوجوانوںپر مشتمل ریالی کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور یوم رائے دہندگان کے موقع پر نئے ناموں کا اندراج عمل میں لایا جائیگا۔ ووٹر کارڈ فراہم کئے جائیں گے اور سیاسی قائدین کو بھی مدعو کیا جارہا ہے اور اس دن عید و تہوار کی طرح منانے اور بڑے پیما نے شعور بیدار کرنے و الیکشن کمشن کی جانب سے فراہم کردہ تشہیری اشیاء، سرٹیفکٹس کی تقسیم بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجہ رام اور آرڈی اوز اور دیگر بھی موجود تھے۔