کرنول25؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے زیر اہتمام شائع کی جانے والی اردوکتب کی فروخت ونمائش کے لئے وقتا فوقتاکونسل کی موبائل ویان ملک کادورہ کرتی رہتی ہے۔ 29 ویں مرحلہ میںکونسل کی موبائل ویان 22؍فروری سے ملک کے چار ریاستوںکے دورہ پرنکل چکی ہے، تاکہ محبان اردو کو اردو کتب کی خرید ودید میں سہولت بخش ہو ۔ مذکورہ موبائل ویان 22تا 25 فروری حیدرآباد میںرکی رہی۔ 26 سے27 فروری تک محبوب نگرمیں رہے گی۔ جبکہ 28 فروری سے یکم ؍ مارچ2016ء تک کرنول میں رہے گی۔ اس کے بعدیہ موبائل ویان دوانگری کے لئے روانہ ہوجائے گی۔ صدر انجمن ترقی اردوکرنول کریم اللہ خاں نے تمام محبان اردو سے خواہش کی ہے کہ وہ اس سنہرے موقع سے استفادہ کرتے ہوئے اردوکتب خریدیں اوراردو زبان وادب کی ترقی میں ہاتھ بٹائیں ۔ مزید تفصیلات کے لئے موبائل ویان کے ذمہ دار جناب صدیق صاحب سے موبائل نمبر 09990597329 پرربط پیداکیا سکتاہے۔