نئی دہلی۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کھیلوں اور اتھلیٹ کے قومی مقابلوں میں حصہ لینے والے جسمانی طور پر معذور اسپورٹس مین اور اتھیلیٹس کو بہتر فرنیچر اور صحت و صفائی کے انتظامات کے بغیر گندے مقامات پر ٹھہرائے جانے کے واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے وزیر اسپورٹس سربانندا سونووال نے آج منتظمین سے رپورٹ طلب کی اور اندرون 24 گھنٹے ضروری کارروائی کا وعدہ کیا۔ سونووال نے کہا کہ انہوں نے پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے کیونکہ یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ غازی آباد کے جن ہت پیرا اسپورٹس گراؤنڈس (مدھوبن اور باپو دھام) پر منعقدہ نیشنل پیرا اتھیلیٹکس میں حصہ لینے والے اتھیلیٹس کو ایک عمارت کے گندے کمروں میں رہنے کیلئے کہا گیا تھا۔ پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا کی اترپردیش یونٹ کی طرف سے چمپین شپ منعقد کئے گئے تھے۔ سونووال نے کہا کہ ’’تمام اتھیلیٹس کی بھلائی ہماری ترجیح ہے، جسمانی طور پر معذور اتھیلیٹس کی بھلائی اور بہتر دیکھ بھال ہماری اولین ترجیح ہے‘‘۔ پی سی آئی کے صدر راجیش تومر نے اعتراف کیا کہ ان کے عہدیداروں سے غلطی ہوئی ہے لیکن انہوں نے حکومت کو موردالزام ٹھہرانے کی کوشش کی اور کہا کہ فنڈس جاری نہیں کئے گئے تھے اور اس پروگرام کے اہتمام کے لئے مقام فراہم نہیں کیا گیا تھا۔