قومی مفاد میں حکومت کا مستعفیٰ ہونا ضروری : کانگریس

نئی دہلی ۔ /3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر اپوزیشن پر تنقید کیلئے جوابی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کا قومی مفاد میں اقتدار سے بیدخل کیا جانا ضروری ہے ۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ ہم خیال پارٹیوں کے اس مقصد کی تکمیل کیلئے اتحاد میں کوئی بری بات نہیں ہے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ آنند شرما نے الزام عائد کیا کہ مودی 2014 ء سے بدنامی کے ساتھ کارکرد ہیں ۔ جبکہ ہو برسراقتدار آئے تھے اور انہوں نے اپوزیشن خاص طور پر کانگریس کے ساتھ اپنے شخصی دشمن جیسا سلوک روا رکھا تھا ۔ آنند شرما نے ان کے اس دعوے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ ملک کی معیشت مبینہ طور پر بی جے پی کے ’’غیرجمہوری اقتدار کے دوران تباہ ہوچکی ہے اور روپئے کی قدر اقل ترین سطح تک پہونچ چکی ہے ۔ معیشت کا انحطاط اس سے پہلے اتنا زیادہ کبھی نہیں دیکھا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اس کی شکایت نہیں کرنا چاہئیے ۔ کیونکہ ہم ان کی اقتدار سے بیدخلی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ان پر تنقید نہیں کررہے ہیں لیکن ان کی حکومت کو قومی مفاد میں اقتدار سے فوری بے دخل کرنا ضروری ہے تاکہ مقصد حاصل ہوسکے ۔ وزیراعظم کو اس سلسلے میں مشورہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ انہوں نے اپنے مقصد کے حصول کیلئے جتنی محنت کی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی پڑتی ہے ۔ انہیں یہ ذمہ داری دی گئی تھی اور اگر وہ ناکام رہیں تو ان کی اقتدار سے علحدگی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں یہ ضروری ہے کہ انہیں اقتدار سے بیدخل کردیا جائے ۔ یہی بی جے پی کے حق میں بھی بہتر ہوگا ۔ آنند شرما نے کہاکہ یہ مقصد حاصل کرنے کیلئے ہم خیال پارٹیاں اگر متحد ہوتی ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی ’’جھوٹے بیانات دے رہے ہیں اور ملک بین الاقوامی سطح پر بدنام ہورہا ہے جبکہ زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتوں کی تعداد اور خواتین کے خلاف جرائم کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہندوستان میں ہوگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی اپوزیشن خاص طور پر کانگریس کو اپنا شخصی دشمن سمجھتے ہیں اور کانگریس سے نفرت کرتے ہیں وہ تنقید اور ناراضگی کو بھی پسند نہیں کرتے۔